چین

وزیراعظم شہباز شریف کا چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

Read Time:3 Minute, 21 Second

بیجنگ، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز چین کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی گزشتہ پچھتر برسوں کے دوران مزید مستحکم ہوئی ہے اور یہ تعلقات عالمی سفارت کاری میں اپنی مثال آپ ہیں۔

چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ایک منفرد اور بے مثال رشتہ ہیں جو دونوں ممالک کے بانی رہنماؤں کی دور اندیش قیادت کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج دونوں ممالک کے درمیان شاندار سفارتی تعلقات کے پچھتر برس مکمل ہو رہے ہیں، جس پر انہوں نے پاکستان اور چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع کی مناسبت سے دونوں ممالک نے سال بھر تقریبات منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بین الاقوامی تعلقات میں بے مثال حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں چین ایک عظیم اقتصادی اور عسکری قوت کے طور پر ابھرا ہے، جبکہ عالمی امن، کثیرالجہتی اور ترقی کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ ہانگژو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چین میں انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور شہری ترقی کے شعبوں میں غیر معمولی پیشرفت کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا گروپ کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی صدر شی جن پنگ کے وژن اور ژی جیانگ صوبے میں ان کی متحرک قیادت کی عکاس ہے۔

انہوں نے صدر شی کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو خطے میں خوشحالی، روابط اور دوستی کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حقیقی قیادت بے لوث محنت، قربانی اور مسلسل جدوجہد سے حاصل ہوتی ہے، جبکہ صدر شی جن پنگ کا طرز حکمرانی عوامی فلاح اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بھی بڑے پیمانے پر ساختی اصلاحات اور اقتصادی تبدیلیوں کا آغاز کیا گیا ہے، اور ان کی حکومت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ مل کر اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام سے لے کر آج تک چین اور پاکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے پر اعتماد کیا، تعاون کیا اور ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے پاک چین دوستی کو ناقابلِ تسخیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد اور عملی تعاون نے دونوں اقوام کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے باوجود چین نے ہمیشہ اپنی ہمسایہ سفارت کاری میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کے حالیہ خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے پُرعزم دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔

صدر شی جن پنگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر مشترکہ مستقبل کی حامل پاک چین برادری کو مزید مضبوط بنانے، عملی تعاون کو فروغ دینے، دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ فوائد پہنچانے اور علاقائی امن و استحکام میں کردار ادا کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
چین Previous post پاکستان اور چین کا خطے میں امن و جنگ بندی کے فروغ کیلئے مشترکہ عزم، شہباز شریف کی چینی قیادت کو خراجِ تحسین
اقوامِ متحدہ Next post تاجک صدر امام علی رحمان کو اقوامِ متحدہ یونیورسٹی فار پیس کا سرٹیفکیٹ آف ریکگنیشن عطا