
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان، پولینڈ تعلقات کو کثیرالجہتی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس تاریخی دوستی کو مضبوط، طویل المدتی اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ روابط کا جائزہ لیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے قیادت کی سطح پر باقاعدہ تبادلوں کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور خصوصی خدمات کے کوآرڈینیٹر توماش شیمونیاک سے ملاقات کی، جو ان دنوں پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے باہمی تعلقات اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔