
وزیراعظم شہباز شریف کی سوات کے کبل خودکش دھماکے کی شدید مذمت
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے خودکش دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات اور فوری علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔