
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صدر الہام علییف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی کو سراہا
باکو، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی قیادت میں ملک کی ترقی قابلِ تحسین ہے۔
باکو میں ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت جامع اصلاحات کے ذریعے مختلف چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ورلڈ اربن فورم میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آذربائیجان کی قیادت کا بھرپور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے محبت اور خیر سگالی کا پیغام لے کر آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں “ستھرا پنجاب” میگا پراجیکٹ کے تحت صفائی کا ایک جامع اور مربوط نظام قائم کیا گیا ہے، جبکہ سماجی و معاشی اعداد و شمار کی بہتری کے لیے پنجاب اکنامک رجسٹری سروے کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ “ماڈل ولیج پروگرام” کے تحت صوبے کے 2 ہزار دیہات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ دیہی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے اور شہری و دیہی علاقوں میں مساوی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔