
پنجاب میں بارش کے پانی کے تحفظ کیلئے تین سال میں 800 منی ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی منظوری
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پوٹھوہار ریجن میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور آبی وسائل کے تحفظ کے لیے آئندہ تین برسوں کے دوران 800 نئے منی ڈیمز تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جن میں 32 ہزار ایکڑ فٹ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔
بدھ کے روز پانی کے تحفظ اور زیرِ زمین پانی کے انتظام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب بھر میں اب تک 110 منی ڈیمز تعمیر کیے جا چکے ہیں، جن کا مقصد آبی وسائل کا تحفظ اور بارش کے پانی کا مؤثر استعمال ہے۔
مریم نواز شریف نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے زمینی آبی ذخائر کی ترقی کا جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زیرِ زمین پانی کے انتظام سے متعلق موجودہ قانونی فریم ورک کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کے تحفظ اور نگرانی کے لیے خصوصی عملہ تعینات کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، ہاؤسنگ اور لوکل گورنمنٹ کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ پانی کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں اٹک، تلہ گنگ، گوجر خان اور راولپنڈی میں تعمیر کیے گئے نئے منی ڈیمز کی تصویری رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باشعور قومیں پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کرتی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں پانی کی ترسیل کے دوران 30 فیصد اور استعمال کے دوران 25 فیصد پانی کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 7 ہزار کلومیٹر پر محیط 2,600 واٹر کورسز کی لائننگ مکمل ہونے سے تقریباً 20 فیصد پانی کی بچت ممکن ہوئی ہے، جبکہ آئندہ تین برسوں میں مزید 11,500 کلومیٹر پر مشتمل 4,500 واٹر کورسز کی بحالی اور لائننگ کی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ جدید ہائی ایفیشنسی آبپاشی نظام کے ذریعے 18 ہزار ایکڑ فٹ پانی محفوظ کیا گیا جبکہ فصلوں کی پیداوار میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ تین برسوں میں مزید 30 ہزار ایکڑ رقبہ ڈرِپ اور اسپرنکلر آبپاشی نظام کے تحت لایا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور ڈویژن میں 100 ری چارج ویلز فعال ہیں جبکہ مزید 300 ری چارج ویلز کی تکمیل آخری مراحل میں ہے۔
کھاد کی دستیابی اور فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد رواں مالی سال کے دوران کسانوں کو ایک ہزار نئے لیزر لینڈ لیولرز 50 فیصد سبسڈی پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دریں اثنا، امن و امان سے متعلق ایک علیحدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیادتی، بچوں سے جنسی زیادتی اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام 43 اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل کر لیا گیا ہے اور اسے جلد باقاعدہ طور پر افتتاح کے لیے پیش کیا جائے گا۔