
قومی سلامتی اور داخلی استحکام کے تحفظ کے عزم کا اعادہ، 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے ملک میں اندرونی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ کسی بھی بہانے سے بدامنی پھیلانے یا 9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش سے ’’فیصلہ کن قوت اور قانون کی حکمرانی‘‘ کے تحت بلاامتیاز اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں ملک کے موجودہ سکیورٹی ماحول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پاکستان کے حقِ دفاع اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کے خلاف ہدفی کارروائی کے حق کی توثیق کی۔ بیان میں کہا گیا کہ ’’بھارت کی جانب سے دہشت گردی میں سہولت کاری کرنے والی طالبان کی گمراہ قیادت ہی اس کے نتائج کی ذمہ دار ہے۔‘‘
کانفرنس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کو سراہا گیا۔ تاہم فورم نے اس امر پر زور دیا کہ ان کارروائیوں کے ساتھ غیر عسکری اقدامات بھی مؤثر انداز میں جاری رکھے جائیں، جن میں نچلی سطح پر عوامی ضروریات پر مبنی طرز حکمرانی، عوام کے ساتھ اسٹریٹجک رابطہ، مفاداتی عناصر کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اقدامات نیشنل ایکشن پلان اور وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق کیے جانے پر زور دیا گیا۔
فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ معاہدہ دیرینہ تزویراتی اور اجتماعی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
کانفرنس نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مملکت سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ اور سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کا بھی اعادہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے ان شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ فورم نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور ملٹی ڈومین انضمام کے ذریعے جنگی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھا جائے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔