
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک
پشاور، یورپ ٹوڈے: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں خیبر پختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں کی گئیں۔
بنوں میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ایک کمین گاہ کو بھی دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تباہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔