
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشت گرد ہلاک، سپاہی حکمت اللہ شہید
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان وطن پر قربان ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کچھی کے علاقے سنی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں ناکہ بندی قائم کرنے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس کارروائی میں بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی حکمت اللہ (عمر 25 سال، ساکن ضلع کرک) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔