
سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، خیبرپختونخوا میں 10 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک، 6 جوان شہید
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں گزشتہ تین روز کے دوران مختلف جھڑپوں میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فوجی دستوں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہنگو میں ہونے والی ایک اور جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ 17 ستمبر 2026 کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 6 بہادر جوانوں نے ملک و قوم کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت حاصل کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک کیے گئے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث رہے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
بیان کے مطابق بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہر قیمت پر وطن عزیز کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔