شہباز شریف

شہباز شریف کا قومی اسمبلی سے خطاب: پاکستان جنیوا میں تاریخی امریکہ ایران امن معاہدے کی دستخطی تقریب کی میزبانی کرے گا

Read Time:2 Minute, 49 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز اعلان کیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدے کی دستخطی تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ انہوں نے اس معاہدے کو عالمی امن کے لیے ایک "تاریخی سنگِ میل” اور جنگ کی تباہ کاریوں پر امن، مکالمے اور سفارت کاری کی "عظیم فتح” قرار دیا۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ امن کے حصول کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں اور جنگ کے شعلے بجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا تاریخی لمحہ ہے جسے مورخین سنہری حروف میں لکھیں گے۔ ان کے بقول تین ماہ اور سولہ دن کے کٹھن امتحان کے بعد یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہے اور جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے ایوان کو آگاہ کیا کہ معاہدے کے تحت ایران اور امریکہ نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ جنگ کی تباہ کاریوں پر امن، مذاکرات اور سفارت کاری کی فتح ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جو عزت و وقار عطا کیا ہے، ایسی کامیابیوں کے لیے قومیں صدیوں انتظار کرتی ہیں۔ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، چین کے صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور دونوں ممالک کے مذاکراتی وفود کا دانشمندی، بصیرت اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کا بھی رہنمائی اور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے شب و روز کوششیں کیں۔ وزیراعظم کے مطابق بعض مواقع پر مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے عزم اور ثابت قدمی نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔

شہباز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزارت خارجہ کی ٹیم اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔

وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ پاکستان کو حاصل ہونے والی اس غیرمعمولی عزت اور عالمی وقار پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کے دوران عالمی اور علاقائی سطح پر پیدا ہونے والے معاشی اثرات نے پاکستان کی معیشت پر بھی دباؤ ڈالا، تاہم قوم نے مثالی استقامت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی قیادت، بالخصوص وزرائے اعلیٰ کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس امن معاہدے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عالمی معاشی استحکام کے ثمرات ہر پاکستانی تک پہنچانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی اور اس مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
اسحاق ڈار Previous post اسحاق ڈار کی زیر صدارت بین الوزارتی اجلاس، دوطرفہ اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کا جائزہ