
یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئرچیف اور نیول چیف کی قوم کو مبارکباد
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: فیلڈمارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکبیر اُس تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان 28 مئی 1998 کو ایٹمی طاقت بن کر اُبھرا اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ عظیم دن قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خودمختاری کی علامت ہے اور علاقائی سالمیت و قومی وقار کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ تاریخی کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ ماہرین کی غیرمعمولی خدمات کا نتیجہ ہے، جبکہ پاک افواج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں نے بھی اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی دفاعی اور اسٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے جو خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور مؤثر دفاعی صلاحیت کی ضامن ہے۔
پاک افواج نے وطن کے دفاع کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس عظیم موقع پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوکر اتحاد، بیداری اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرتی ہے۔
“پاکستان افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔”