
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایسٹر کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسٹر تجدیدِ ایمان، اُمید اور قربانی کی علامت ہے۔
اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسٹر کا دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ اور ان کی تعلیمات کی یاد دہانی کراتا ہے، جو ایثار، درگزر، محبت اور امن جیسے آفاقی اصولوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع ہمیں ان اقدار پر عمل کرنے کی ترغیب دیتا ہے جو انسانیت کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی محنت، دیانت اور قومی خدمات ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مسیحی برادری آئندہ بھی پُرامن اور خوشحال پاکستان کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
اپنے بیان کے اختتام پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج دنیا مختلف چیلنجز اور مسائل کا سامنا کر رہی ہے، ایسے میں ایسٹر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ رواداری، باہمی احترام اور انسانی وقار کی حفاظت کے ذریعے ہی ہم پائیدار امن کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے مسیحی برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ موقع خوشیوں، محبت اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام لے کر آئے۔