ایرانی سفیر محترم رضا امیری مقدم کا سعدی شیرازی اور علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت

ایرانی سفیر محترم رضا امیری مقدم کا سعدی شیرازی اور علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: 21 اپریل کو عظیم فارسی شاعر، مفکر اور مسلمان ادیب شیخ سعدی شیرازیؒ کی یومِ پیدائش منائی جاتی ہے۔ ایرانی تقویم کے مطابق اس روز کو “یومِ سعدی” کے طور پر منایا جاتا ہے، جو ان کی علمی، اخلاقی اور ادبی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔

شیخ سعدیؒ اپنی فصیح نثر، پراثر شاعری اور اخلاقی تعلیمات کی گہرائی کی بدولت فارسی ادب میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں نہ صرف حکمت و دانش کا خزانہ پوشیدہ ہے بلکہ انسان دوستی، اخوت، وحدت اور اسلامی تعلیمات کی جھلک بھی نمایاں ہے۔ ایک سچے مسلمان کی حیثیت سے، انہوں نے اپنی شاعری میں نبی اکرم حضرت محمد ﷺ کی مدح میں دل نشین اشعار بھی تحریر کیے۔

شیخ سعدیؒ کی معروف نظم “بنی آدم اعضای یک پیکرند” (انسان ایک جسم کے اعضاء کی مانند ہیں) دنیا بھر میں انسانیت اور ہمدردی کا استعارہ بن چکی ہے۔ اس نظم کے اشعار کا اردو ترجمہ کچھ یوں ہے:

“بنی آدم اعضای یک پیکرند
که در آفرينش ز یک گوهرند
چو عضوى به درد آورد روزگار
دگر عضوها را نماند قرار
تو کز محنت دیگران بی غمی
نشاید که نامت نهند آدمی”

(ترجمہ):
بنی نوع انسان ایک جسم کے اعضاء کی مانند ہیں
جو ایک ہی جوہر سے پیدا کیے گئے ہیں
اگر ایک عضو کو دکھ پہنچے
تو باقی اعضاء کو بھی سکون نہیں رہتا
اگر تم دوسروں کے دکھ میں شریک نہیں
تو تمہیں انسان کہلانے کا حق نہیں۔

یہ نظم نہ صرف فارسی ادب بلکہ عالمی فکری ورثے کا ایک روشن چراغ ہے، جو انسانوں کو محبت، ہمدردی اور وحدت کا درس دیتی ہے۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ سعدی شیرازیؒ کی یومِ ولادت اور مفکر پاکستان، شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی یومِ وفات ایک ہی روز یعنی 21 اپریل کو آتی ہے۔ یہ تقویمی ہم آہنگی دونوں عظیم مسلم مفکرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سنہری موقع فراہم کرتی ہے۔

سعدی شیرازیؒ اور علامہ اقبالؒ دونوں ہی ایران اور پاکستان میں نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ان کے کلام، افکار اور پیغام میں محبت، اتحاد، روحانی بیداری، عدل اور اخلاقی اصلاح کی صدائیں گونجتی ہیں۔

ایران و پاکستان کے عوام کے دلوں میں ان دو عظیم شعرا و مفکرین کی تعلیمات آج بھی زندہ ہیں، جو نسلِ نو کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ اور امن و انسانیت کا پیغام ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ Previous post متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ
صدر مملکت کا پیغام: پاکستان کو سماجی و اقتصادی انصاف فراہم کرنے والی ریاست بنانے کے لیے علامہ اقبال کے افکار اپنائیں Next post صدر مملکت کا پیغام: پاکستان کو سماجی و اقتصادی انصاف فراہم کرنے والی ریاست بنانے کے لیے علامہ اقبال کے افکار اپنائیں