پاکستان

بھارت کے اشتعال انگیز بیان پر پاکستان کا کرارا جواب: دفتر خارجہ

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے مسئلہ کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز بیان پر کرارا جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اس کا حل ناگزیر ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جموں و کشمیر تنازع کے یکطرفہ حل سے متعلق کسی بھی بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، کیونکہ ایسے دعوے گمراہ کن اور زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز بیان بازی اور بے بنیاد دعوے ترک کرنے چاہئیں۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بامعنی مذاکرات کا راستہ اپنائے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے تنازع کے حل کے لیے پُرعزم ہے، لیکن ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مستقل بات چیت کا دور ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو بھارت نے آرٹیکل 370 کے تحت ختم کر دیا ہے، اور اب سوال یہ ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کس قسم کے تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔

انڈونیشیا Previous post جکارتہ: افریقی ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ، انڈونیشیا کا بیان
کوکو گاف Next post کوکو گاف کی یو ایس اوپن ٹائٹل دفاع کی مہم ایما نیوارو کے ہاتھوں شکست کے بعد ختم