پاکستان اور ایران کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا، مغربی میڈیا اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا منظم حملہ بے نقاب

پاکستان اور ایران کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا، مغربی میڈیا اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا منظم حملہ بے نقاب

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: مغربی میڈیا اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی ایک منظم کوشش بے نقاب ہوئی ہے۔ معروف برطانوی جریدے ڈیلی میل نے ایک بے بنیاد رپورٹ میں پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران کو اس کے ایٹمی ہتھیاروں سے محروم کرنا چاہتا ہے، جب کہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت اور افغانستان سے چلنے والے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس مسلسل یہ جھوٹا بیانیہ پھیلا رہے ہیں کہ پاکستان اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور ایران کو اسرائیل کی طرز پر غیر مسلح کرنا چاہتا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے کبھی بھی ایران کے جوہری پروگرام کو اپنے لیے خطرہ قرار نہیں دیا۔

یہ جھوٹے بیانیے صرف ایران اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ تعلقات میں دراڑ ڈالنے کے لیے پھیلائے جا رہے ہیں۔ اس منظم پروپیگنڈے کا مقصد مسلم دنیا میں تفرقہ ڈالنا اور اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانا ہے۔

ڈیلی میل جیسے مغربی ذرائع ابلاغ کی طرف سے پاکستان پر اسرائیل پر ایٹمی حملے کا بے بنیاد الزام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے ذریعے پاکستان کو ایک غیر ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر پیش کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔

پاکستان کی ریاستی پالیسی ہمیشہ فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مخالفت پر مبنی رہی ہے۔ پاکستان نے کبھی اسرائیل کے ساتھ خفیہ روابط نہ رکھے ہیں اور نہ ہی اس قسم کے کسی اقدام کی حمایت کی ہے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مضبوط اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک نے سرحدی سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی، اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کی سرحد کھلی ہے اور تجارتی و سفری روابط معمول کے مطابق جاری ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ جعلی بیانیے صرف مسلم دنیا میں اتحاد کو توڑنے، شکوک و شبہات پیدا کرنے، اور نفسیاتی جنگ کے ہتھکنڈوں کا حصہ ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان چالوں کا مؤثر جواب صرف سچائی کو اجاگر کرنے، مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے سے ہی ممکن ہے۔

صدر پاکستان کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ Previous post صدر پاکستان کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
آغدام کے گاؤں خچن دربند میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جاری Next post آغدام کے گاؤں خچن دربند میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جاری