زرداری

صدر آصف علی زرداری کا عالمی یوم امن پر پیغام: عالمی برادری ہتھیاروں اور تنازعات کے بجائے مکالمے، تعاون اور ترقی کو ترجیح دے

Read Time:2 Minute, 25 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ہتھیاروں اور تنازعات کے بجائے مکالمے، تعاون اور ترقی کو ترجیح دے۔

عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ "پاکستان ایک پرامن، منصفانہ اور پائیدار دنیا کے قیام میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔” انہوں نے کہا کہ "عالمی یوم امن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ امن صرف جنگ کا نہ ہونا نہیں، بلکہ انصاف، مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کا نام ہے۔”

صدر زرداری نے کہا کہ آج دنیا میں قانون کی بالادستی اور طاقت کے زور پر حکمرانی کے درمیان جنگ جاری ہے، اور پاکستان نہ صرف تاریخ کے درست پہلو پر کھڑا ہے بلکہ عالمی و علاقائی استحکام میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے دنیا کی متحارب طاقتوں کے ساتھ بھی متوازن تعلقات قائم رکھے ہیں اور آج دنیا پاکستان کو مسائل کے حل میں ایک شراکت دار کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے ہمیشہ عالمی امن اور انصاف کے لیے بھرپور آواز بلند کی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ترقی پذیر ممالک کے حقوق اور عالمی امن کے لیے جرات مندانہ مؤقف اپنایا جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی امن، جمہوریت، خواتین کے حقوق اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے وقف کر دی۔ ان کا یہ وژن کہ امن اور انصاف ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں، آج بھی ہماری رہنمائی کر رہا ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ امن صرف اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب تمام اقوام کے درمیان انصاف اور مساوات ہو۔ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی دہائیوں پر محیط محرومیاں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔ ان خطوں میں حقِ خود ارادیت کے بغیر عالمی امن نامکمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے ہمیشہ عالمی امن کے فروغ میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں طویل خدمات، قدرتی آفات اور تنازعات سے متاثرہ ممالک کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنا، اور عالمی سطح پر مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا اسی عزم کا حصہ ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل انسانی تاریخ کے سب سے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جن میں بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات، انتہا پسندی، ماحولیاتی تبدیلی، معاشی ناہمواری اور ڈیجیٹل دور میں گمراہ کن معلومات کا پھیلاؤ شامل ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ امن، رواداری اور مکالمے کی اقدار کو اپنائیں اور دنیا کو ایک زیادہ محفوظ اور منصفانہ مستقبل کی طرف لے جائیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر صدر نے دعا کی کہ "اللہ تعالیٰ دنیا کو امن، انصاف اور باہمی احترام کی حقیقی روشنی سے منور فرمائے۔ آمین۔”

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
پہلوان Previous post آذربائیجانی پہلوان الوو گانیزادے نے دوبارہ عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا
شہباز شریف Next post وزیر اعظم شہباز شریف کا عالمی یوم امن پر پیغام: پائیدار امن تنازعات کے بنیادی اسباب کے خاتمے سے ہی ممکن ہے