
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، پانچ خوارج ہلاک
راولپنڈی،یورپ ٹوڈے: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو بارود سے بھری ایک مشتبہ گاڑی کے حوالے سے خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا اور بارود سے بھری گاڑی ایک فوجی گاڑی سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کر گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ ماہِ مقدس رمضان کے دوران بھی افغانستان سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کا جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور وہ رمضان کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان فتنہ الخوارج کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔ سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی مہم ’عزمِ استحکام‘ کے تحت پوری قوت سے جاری ہے اور بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔