یوکرین

یوکرین میں امن معاہدے کے بعد برطانوی فوج کی تعیناتی کا خواہاں ہوں، برطانوی وزیرِ دفاع جان ہیلی

لندن،یورپ ٹوڈے: برطانیہ کے وزیرِ دفاع جان ہیلی نے کہا ہے کہ وہ یوکرین میں امن معاہدہ طے پانے کے بعد برطانوی فوجیوں کی تعیناتی کرنے والے پہلے وزیرِ دفاع بننا چاہتے ہیں، کیونکہ اس کا مطلب ہوگا کہ جنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے اور یورپ کو ایک مضبوط اور خودمختار یوکرین میسر ہے۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں جان ہیلی نے جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’میں وہ وزیرِ دفاع بننا چاہتا ہوں جو یوکرین میں برطانوی فوج تعینات کرے، کیونکہ اس کا مطلب ہوگا کہ جنگ بالآخر ختم ہو گئی ہے اور یوکرین میں امن قائم ہو چکا ہے۔ ایک محفوظ یورپ کے لیے ایک مضبوط اور خودمختار یوکرین ناگزیر ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ برطانیہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک کثیرالقومی امن مشن کے قیام پر کام کر رہا ہے، جسے ’’کوالیشن آف دی ولنگ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد جنگ بندی کے بعد یوکرین کی سلامتی کی ضمانت فراہم کرنا ہے۔

برطانیہ اس ممکنہ تعیناتی کی تیاری کے لیے پہلے ہی 25 کروڑ ڈالر سے زائد رقم مختص کر چکا ہے۔ علاوہ ازیں برطانیہ یوکرین کے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ڈرون انٹرسیپٹر ’’آکٹوپس‘‘ کی مشترکہ تیاری میں بھی شامل ہو گیا ہے۔

جان ہیلی نے یوکرین کے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وہاں شدید حملوں کا مشاہدہ کیا۔ ان کے مطابق، ان کے قیام کے دوران روس نے کیف پر 90 ڈرون حملے کیے جبکہ ایک بیلسٹک میزائل ان کی رہائش گاہ سے محض 15 منٹ کی مسافت پر واقع شہر لویو میں آ گرا۔

برطانوی وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ لندن یوکرین کو فوجی امداد میں اضافہ جاری رکھے گا اور روس پر پابندیوں کے دباؤ کو مزید سخت کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرینی فوجی نیٹو کی مشقوں میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور ڈرون حملوں کے خلاف اپنے تجربات اتحادی ممالک کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

جان ہیلی کے مطابق برطانیہ کی کوشش ہے کہ یوکرین کو ’’منصفانہ اور پائیدار امن‘‘ کے حصول کے لیے مضبوط ترین پوزیشن میں لایا جائے اور 2026 کو جنگ کے خاتمے کا سال بنایا جائے۔

ڈرون Previous post ڈرون حملے کے خدشے کے پیشِ نظر ماسکو کے چار ہوائی اڈوں پر پروازیں محدود
بنگلہ دیش Next post پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کا رابطہ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق