
پاکستان اور برطانیہ کا دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے دفتر خارجہ، دولت مشترکہ و ترقی (ایف سی ڈی او) میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے لیے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری نہایت اہم ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مذاکرات کو جلد فعال بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔