
نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ: وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی غیر قانونی شہریت کے خاتمے اور جدید سہولیات کے فروغ کی ہدایت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے منگل کے روز نادرا کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افضل نے وزیرِ داخلہ کو ادارے کی کارکردگی، جاری اقدامات اور آئندہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نادرا کی کارکردگی اور عوام کو مؤثر خدمات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے عمل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی طریقے سے پاکستانی شہریت حاصل کرنے والے افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قومی ڈیٹا بیس سے خارج کرنے کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور عوامی سہولت کے لیے مزید جدید سہولیات متعارف کرانے کی ہدایت دی۔ وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ بڑے شہروں میں نادرا کے جدید دفاتر کرائے کی عمارتوں کے بجائے نادرا کی اپنی زمین پر تعمیر کیے جائیں اور اس حوالے سے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کیا جائے۔
محسن نقوی نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور وزارتی سطح پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
بریفنگ کے دوران نادرا حکام نے بتایا کہ شہری خدمات کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ بایومیٹرک تصدیق کے لیے فیشل ریکگنیشن نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے دیگر اداروں کے تعاون کو ضروری قرار دیا گیا۔
نادرا نے لاکھوں وفات پا جانے والے افراد کے شناختی کارڈز منسوخ کر دیے ہیں جبکہ شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تعاون سے وفات یافتہ افراد کے نام پر جاری موبائل سمز کو بھی بلاک کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور سمیت نادرا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔