
معلومات تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق، حکومت شفافیت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو درست اور مستند معلومات کی فراہمی، شفافیت کے فروغ اور معلومات تک رسائی کے بنیادی حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
معلومات تک عالمگیر رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے سرکاری اداروں اور شہریوں کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر 28 ستمبر کو معلومات تک عالمگیر رسائی کا عالمی دن منا رہا ہے، جو شہریوں کے معلومات تک رسائی کے بنیادی جمہوری حق اور سرکاری اداروں کی معلومات کی فراہمی اور تبادلے میں سہولت کاری کی ذمہ داری کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عالمی دن کا موضوع ’’ڈیجیٹل دور میں معلومات کی سالمیت کا تحفظ: معلومات تک رسائی کا معلوماتی انتشار سے نمٹنے میں کردار‘‘ ہے، جو جھوٹی اور گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ جیسے اہم چیلنج کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہے۔ شہریوں کو درست، بروقت اور قابل اعتماد معلومات کی فراہمی سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے، جبکہ مستند معلومات شہریوں کو باخبر فیصلے کرنے اور قومی اہمیت کے امور میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا نے معلومات تک رسائی کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور وسیع کر دیا ہے، تاہم غیرمصدقہ، گمراہ کن اور جھوٹی معلومات کا تیزی سے پھیلاؤ بھی ایک سنجیدہ چیلنج بن چکا ہے، جس سے معاشرے میں بے یقینی اور اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی، شفافیت، حقائق کی جانچ اور ذمہ دارانہ ابلاغ معلوماتی انتشار کے تدارک میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معلومات تک عالمگیر رسائی کے عالمی دن کا مقصد ایسے معلوماتی ماحول کے قیام کے عزم کی تجدید بھی ہے جہاں ہر شہری کو درست، قابل اعتماد اور بروقت معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو اور جھوٹی و گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اجتماعی ذمہ داری ادا کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 19-A ہر شہری کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے، جسے قانون سازی اور ادارہ جاتی اقدامات کے ذریعے عملی شکل دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن شہریوں کے معلومات تک رسائی کے حق کے تحفظ اور متعلقہ شکایات کے ازالے کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ سرکاری دفاتر اور اداروں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل بھی جاری ہے تاکہ ریکارڈ محفوظ رکھنے اور عوام کو اس تک رسائی فراہم کرنے میں سہولت ہو۔
محمد شہباز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت، میڈیا، سول سوسائٹی، تعلیمی ادارے، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور شہری معلومات کی سالمیت کے تحفظ اور ایک باخبر، ذمہ دار اور شفاف معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔