بلتستان

گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، وزیراعظم شہباز شریف نے سولر پراجیکٹس اور دانش اسکولوں کا افتتاح کر دیا

Read Time:3 Minute, 58 Second

گلگت، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو گلگت بلتستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا، جن میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبے، سیف سٹی پراجیکٹس اور دانش اسکولوں کا قیام شامل ہے، جبکہ نوجوانوں میں مفت سولر پینلز، لیپ ٹاپس اور کاروباری قرضوں کے چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی کے لیے پُرعزم ہے اور گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کی ترقی کے بغیر قومی پیش رفت مکمل نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے علاقے کے لیے 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے کا افتتاح کیا اور شفاف ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے گھریلو و تجارتی صارفین میں 58 میگاواٹ مالیت کے مفت سولر پینلز کی تقسیم کا آغاز کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اس اسکیم کے لیے 50 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے تقریباً 15 ہزار مستحقین کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ پر کیا گیا۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولر منصوبہ 2027 کے وسط تک مکمل کیا جائے تاکہ خصوصاً سردیوں کے موسم میں توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک فراڈ کیس میں ضبط کیے گئے سولر پینلز کو نیلام کرنے کے بجائے گلگت بلتستان کے عوام میں مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے تحت سلطان آباد، بنجی، گانچھے اور اسکردو میں چار دانش اسکولوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں میں غریب اور باصلاحیت بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مقامی اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی، ای لائبریریوں، اسمارٹ کلاس رومز، مفت خوراک اور رہائشی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دانش اسکول نادار طبقے کے ذہین بچوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کریں گے، جبکہ ان اداروں میں بچیوں کی تعلیم مکمل طور پر مفت ہوگی۔

وزیراعظم نے گلگت سیف سٹی پراجیکٹ فیز ٹو کا افتتاح بھی کیا اور اسکردو سیف سٹی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اسے لاہور کے سیف سٹی سسٹم سے بھی بہتر معیار پر استوار کیا جائے۔ انہوں نے ان سیکیورٹی نظاموں کی مناسب دیکھ بھال اور جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا۔

تقریب کے دوران وزیراعظم نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جبکہ وزیراعظم یوتھ ایگریکلچر اینڈ بزنس لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروباری قرضوں کے چیکس بھی دیے گئے۔

شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کی محنت کا اعتراف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام حکومتی اسکیموں میں انتخاب سیاسی وابستگی کے بجائے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔

وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں جنگ بندی کی سفارتی کوششوں میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، جسے تاریخ مثبت انداز میں یاد رکھے گی۔ انہوں نے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس سے قبل گلگت بلتستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نے طلبہ سے ملاقات بھی کی، جن میں ایک طالب علم اپنی شادی کے دن لیپ ٹاپ وصول کرنے تقریب میں شریک ہوا۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے، جن میں سولرائزیشن منصوبہ نمایاں ہے۔ پہلے مرحلے میں 499 عمارتوں پر 18 میگاواٹ سسٹمز نصب کیے جائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں تین ڈویژنز میں 82 میگاواٹ سولر پارکس قائم ہوں گے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے ان منصوبوں کو عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا، جبکہ وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے بتایا کہ بیٹری اسٹوریج سسٹمز شامل کیے جانے کے باعث منصوبے کی لاگت 24 ارب روپے سے بڑھ کر 32 ارب روپے ہوگئی ہے، جس سے 13 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ دانش اسکولوں میں ایچی سن کالج جیسے معیاری تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس سے کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو خصوصی فائدہ پہنچے گا۔

تقریب میں وفاقی وزرا عطاء اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان اور معاونِ خصوصی طلحہ برکی سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے، جبکہ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ یار محمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
پاکستان Previous post معرکۂ حق پاکستان کے عزم، اتحاد اور خودمختاری کی علامت ہے: اسحاق ڈار