
منیٰ میں حج 2026 کے مناسک کا آغاز، یومِ ترویہ عبادات و روحانی مناظر
منیٰ، یورپ ٹوڈے: حج 2026 کے مناسک کی ادائیگی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمینِ حج قافلوں کی صورت میں مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ رہے ہیں۔
حجاج کرام نے منیٰ میں نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کیں، جبکہ رات بھر فضا ’’لبیک اللہم لبیک‘‘ کی روح پرور صداؤں سے گونجتی رہی۔ عازمین نے زیادہ تر وقت عبادات، تلاوتِ قرآن اور ذکر و اذکار میں گزارا۔
شدید گرمی کے پیش نظر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے حجاج پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جاتا رہا تاکہ انہیں ممکنہ حدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ پیر کے روز 8 ذوالحج کو پاکستانی عازمینِ حج نے منیٰ میں یومِ ترویہ عبادات و دعاؤں میں گزارا، تاہم شدید گرمی کے باعث دن کا زیادہ حصہ خیموں میں گزارا گیا۔
شام کے وقت موسم خوشگوار ہونے پر منیٰ کی گلیوں اور سڑکوں پر عازمین کی آمد و رفت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس وقت تقریباً 20 لاکھ مسلمان منیٰ میں موجود ہیں۔
پاکستانی عازمینِ حج نے منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں، جبکہ بعد ازاں منیٰ سے میدانِ عرفات کی جانب پہلے قافلوں کی روانگی بھی شروع ہو گئی۔ آج 9 ذوالحج کو عازمینِ حج رکنِ اعظم وقوفِ عرفات ادا کریں گے، اور ظہر کی نماز سے قبل تمام حجاج کرام میدانِ عرفات پہنچ جائیں گے۔
دوسری جانب منیٰ میں بعض حجاج کی جانب سے رہائش سے متعلق شکایات بھی سامنے آئیں، جنہیں بعد ازاں وزارتِ مذہبی امور کے حکام نے موقع پر پہنچ کر حل کر دیا۔
سعودی وزارتِ صحت نے حجاج کرام کے لیے میڈیکل آئی ڈی بریسلیٹ پہننے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام طبی اور ہنگامی ٹیموں کو فوری معلومات تک رسائی اور بروقت امداد فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔