
بنوں دھماکے کی شدید مذمت، صدر مملکت اور وزیراعظم کا اظہار افسوس
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کے روز بنوں میں ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی اور بے گناہ شہری جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
صدر آصف علی زرداری نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات پوری قوم کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہیں۔
انہوں نے واضح الفاظ میں دہشت گردی میں ملوث اندرونی و بیرونی عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر دہشت گرد نیٹ ورکس کو محفوظ پناہ گاہیں، لاجسٹک سپورٹ اور مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں، وہ ریاستی کارروائی سے بچ نہیں سکیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد عناصر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور امن کے فروغ کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور دہشت گردی کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم کے دفتر کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت اور پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف ایک سنگین سازش ہے، اور ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پوری قوم کی امانت ہیں اور ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔