شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر مؤثر آواز بلند کرنے پر زور

Read Time:2 Minute, 47 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی، قومی، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی، تخریب کاری اور تمام منفی رجحانات کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں اور عالمی انسانی اقدار اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

21 اگست کو دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے کے لیے منائے جانے والے اس دن کے موقع پر عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے اور اس ناسور سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کو درپیش سنگین ترین چیلنجز میں سے ایک ہے۔ صرف انسانیت سے عاری عناصر ہی اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بے گناہ افراد کو اذیت کا نشانہ بناتے اور انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندان اور زندگی بھر کے لیے معذوری یا زخموں کا شکار ہونے والے افراد بھی ہماری خصوصی ہمدردی اور یکجہتی کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے بہادر مسلح افواج کے جوانوں نے اس ناسور کے خلاف جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں اور بے شمار بے گناہ شہریوں نے بھی اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں جانیں قربان کرنے والے تمام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں صرف قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع تک محدود نہیں بلکہ ملک نے اس کے نتیجے میں بھاری معاشی اور سماجی قیمت بھی ادا کی ہے۔ دہشت گردی نے عوام کی معاشی فلاح و بہبود کو متاثر کیا اور پاکستان کی ترقی، پیش رفت اور خوشحالی کی جانب سفر میں رکاوٹیں پیدا کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی عزم اور غیر متزلزل ارادے کے ساتھ پاکستان اس وقت تک دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا جب تک اس ناسور کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم، تہذیب، مذہب یا عقیدہ دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا۔ دہشت گردی کے اقدامات بیمار ذہنوں اور غیر انسانی نظریات کا اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے اس کی غیر مشروط مذمت اور مؤثر باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی جسمانی، نفسیاتی اور سماجی بحالی بھی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قومی سطح پر حکومت پاکستان محدود وسائل کے باوجود دہشت گردی کے متاثرین اور اس ناسور کے خلاف برسرپیکار قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ضروریات کا مسلسل خیال رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں شہداء، ان کے اہل خانہ اور دہشت گردی کے متاثرین کے لیے جامع معاونتی نظام موجود ہے۔ تمام متاثرین کو بروقت اور آسان رسائی کے ساتھ صحت کی سہولیات، بحالی اور ضروری شہری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
زرداری Previous post صدر مملکت آصف علی زرداری کی بنگلہ دیش کے نو منتخب صدر کو مبارکباد