زمبابوے

پہلے ون ڈے میں زمبابوے نے پاکستان کو شکست دے دی، بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے فاتح قرار

بلاوایو، یورپ ٹوڈے:پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو بارش سے متاثرہ میچ میں 80 رنز سے شکست دے دی۔ یہ میچ ڈی ایل میتھڈ کے تحت زمبابوے کے حق میں فیصلے کے ساتھ ختم ہوا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ زمبابوے کی ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بلاوایو میں زمبابوے کے اوپنرز نے اچھی آغاز فراہم کیا، لیکن جلد ہی پہلی وکٹ 5.5 اوورز میں 40 رنز پر گر گئی جب جوائے لارڈ گمبی 15 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد پاکستانی بولرز نے زمبابوے کو دباؤ میں رکھا۔ سلمان آغا نے 58 رنز پر زمبابوے کی دوسری وکٹ حاصل کی جبکہ حارث رؤف نے 67 رنز پر تیسری وکٹ حاصل کی۔ میزبان ٹیم کی مزید وکٹیں 83، 99، 124 اور 125 رنز پر گریں، جن میں سلمان آغا، عامر جمال اور فیصل اکرم نے اہم کردار ادا کیا۔

زمبابوے کے بیٹرز نے کچھ مزاحمت دکھائی اور اسکور کو 187 رنز تک پہنچایا۔ فیصل اکرم نے دو وکٹیں حاصل کیں اور محمد حسنین نے آخری وکٹ حاصل کر کے میزبان ٹیم کو 205 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگروا 48 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رن بنانے والے بیٹر رہے۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن ہوم ٹیم کے بولرز کے سامنے تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور 58 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ کامران غلام 17، صائم ایوب 11، عرفان خان 7، سلمان علی آغا 4، عبداللہ شفیق 1 اور حسیب اللہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عامر جمال صفر پر کریز پر موجود تھے۔

بارش کے باعث میچ روکا گیا اور دوبارہ شروع نہ ہونے کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت زمبابوے کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی، سکندر رضا اور شان ولیمز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی فائنل الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، حسیب اللہ، سلمان آغا، عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم شامل ہیں۔ فیصل اکرم نے آج اپنے ڈیبیو میچ میں شرکت کی۔

چین Previous post چین میں پیشہ ورانہ تعلیم کے عالمی فورم کا انعقاد
آصف علی زرداری Next post صدر آصف علی زرداری کا خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات تیز کرنے پر زور