
ارجنٹینا نے سوئٹزرلینڈ کو 1-3 سے شکست دے کر فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
میامی، یورپ ٹوڈے: دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوئٹزرلینڈ کو اضافی وقت میں 1-3 سے شکست دے کر فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
ورلڈ کپ کے آخری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے کھیل کے 10ویں منٹ میں الیکسس میک الیسٹر کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔ تاہم سوئٹزرلینڈ نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 67ویں منٹ میں ڈوئے کے گول کے ذریعے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔
مقررہ 90 منٹ کے اختتام پر دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول سے برابر رہیں، جس کے باعث میچ کا فیصلہ کرنے کے لیے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔
اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کی جانب سے جولیان الواریز نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ کھیل کے آخری لمحات میں ارجنٹینا نے ایک اور گول اسکور کرتے ہوئے کامیابی کو 1-3 سے یقینی بنا لیا۔
اس فتح کے ساتھ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ شائقین فٹبال کو دونوں مضبوط ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز سیمی فائنل کی توقع ہے۔