
شاہ فلپ نے وزیراعظم ڈی ویور کا استعفیٰ مسترد کر دیا، بیلجیئم حکومت کو 2027 کے بجٹ پر اتفاق کے لیے مزید 10 دن کی مہلت
برسلز، یورپ ٹوڈے اردو: بیلجیئم کے شاہ فلپ نے جمعہ کے روز ایک ملاقات کے دوران وزیراعظم بارٹ ڈی ویور (این-وی اے) کا استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو آئندہ سال کے بجٹ پر اتفاقِ رائے کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دے دی ہے۔
بیلجیئم کے شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "مخلوط حکومت میں شامل پانچوں جماعتوں کے سربراہان سے بات چیت کے بعد شاہ نے وزیراعظم کا استعفیٰ مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ نے ان سے بجٹ پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کو کہا ہے۔” وزیراعظم ڈی ویور 16 نومبر کو شاہ کو پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
ڈی ویور نے استعفیٰ کیوں پیش کیا
وزیراعظم ڈی ویور نے پیر کے روز اس وقت اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا جب انہوں نے اپنی مخلوط حکومت کے اندر 2027 کے بجٹ پر مذاکرات کو ناکام قرار دیا۔ وزیراعظم نے ستمبر میں قومی خسارے میں 10 ارب یورو کی کمی کا ہدف مقرر کیا تھا۔
مذاکرات اس وقت تعطل کا شکار ہوئے جب اطلاعات کے مطابق ووروئیت (فلیمش سوشل ڈیموکریٹس)، سی ڈی اینڈ وی (فلیمش کرسچن ڈیموکریٹس) اور لیز انگاژے (فرانسیسی بولنے والے سینٹرسٹ) نے "سب سے مضبوط مالی کندھوں” یعنی زیادہ آمدنی والے طبقات پر ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ کیا، جس کی ایم آر (فرانسیسی بولنے والے لبرلز) اور ڈی ویور کی جماعت این-وی اے (فلیمش قوم پرست) نے سخت مخالفت کی۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر اتفاقِ رائے کی آخری کوشش بھی ناکام ہو گئی تھی کیونکہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں اس بات پر متفق نہ ہو سکیں کہ کن شعبوں میں کٹوتیاں کی جائیں۔
بیلجیئم کو درپیش مالی چیلنج
بیلجیئم کا بجٹ خسارہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 5.2 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جو یورو زون میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ رواں سال سرکاری قرضہ جی ڈی پی کے 110 فیصد سے تجاوز کر جائے گا۔ یورو زون میں صرف فرانس (116 فیصد)، اٹلی (137 فیصد) اور یونان (146 فیصد) پر جی ڈی پی کے تناسب سے بیلجیئم سے زیادہ قرضہ ہے۔
موجودہ صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں بیلجیئم کو 2029 میں "مرکب سود کے اسنو بال” کا سامنا کرنا پڑے گا، جب ملک کو اپنے قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے بھی مزید قرض لینا پڑے گا۔
2027 کے آغاز میں عبوری بجٹ
پارلیمنٹ کے پاس بجٹ معاہدے کو قانون کی شکل دینے کے لیے اب کافی وقت نہیں رہا، اس لیے آئندہ سال کے آغاز میں بیلجیئم کو عبوری ماہانہ بجٹ پر انحصار کرنا ہو گا۔ وزیراعظم ڈی ویور نے جمعرات کو پارلیمنٹ سے خطاب میں عبوری بجٹ کے استعمال کو "ہولناک ناکامی” قرار دیا۔