
مکہٰ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس، پاکستان کا سعودی عرب سے مکمل اظہار یکجہتی
ریاض، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیر کو ریاض میں مکہٰ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (SPDC) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود، ہلالِ امتیاز (ملٹری) کو مکہٰ اتحاد برائے دفاع کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے شرکا نے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے خلاف جاری حملوں کی شدید مذمت کی۔
تینوں ممالک نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستان نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔