ایتھوپیا

ایتھوپیا کو پاکستانی سیاحوں کے لیے پرکشش منزل بنانے کی مہم، اسلام آباد میں سفارت خانے کی خصوصی تقریب

Read Time:2 Minute, 36 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد ایتھوپیا کو پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک ممتاز سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ تقریب میں سفارت کاروں، ٹریول ایجنٹس، میڈیا نمائندوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز نے شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعظم کے مشیر و کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے بطور مہمان خصوصی جبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) حامد اصغر خان نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا، جسے تاریخ میں "حبشہ” کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ سرزمین ہے جہاں پہلی ہجرت کے دوران مسلمانوں کو پناہ ملی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مسجد نجاشی اور حضرت بلال حبشیؓ کی میراث دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روحانی اور تاریخی رشتے کی علامت ہے۔

انہوں نے ایتھوپیا کو "Land of Origins” اور افریقہ میں تیزی سے ابھرتی ہوئی سیاحتی منزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں عالمی معیار کے سیاحتی ریزورٹس، پارکس اور دیگر جدید سہولیات قائم کی گئی ہیں، جنہوں نے ملک کو بین الاقوامی سیاحت کے نقشے پر نمایاں مقام دلایا ہے۔

سفیر نے بتایا کہ ایتھوپیا کا دارالحکومت ادیس ابابا دنیا کا تیسرا بڑا سفارتی مرکز ہے، جہاں گزشتہ برس 150 سے زائد بین الاقوامی سربراہی اجلاس منعقد ہوئے۔ انہوں نے کراچی سے ادیس ابابا کے لیے ایتھوپین ایئر لائنز کی براہ راست پروازوں کو پاکستانی مسافروں کے لیے انتہائی اہم سہولت قرار دیا۔

مہمان خصوصی سردار یاسر الیاس خان نے عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے ایتھوپیا کے سفارت خانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایتھوپین ایئر لائنز نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان فضائی رابطوں کے خلا کو مؤثر انداز میں پُر کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے انفلوئنسرز کے تبادلے کا پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے، جبکہ ایتھوپین اور دیگر افریقی انفلوئنسرز کو پاکستان کے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کر سکیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) حامد اصغر خان نے پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز پر ایتھوپیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے اپنے ایتھوپیا کے دورے کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں توانائی کی پیداوار، شہری ترقی، قدرتی حسن اور بالخصوص ہوا بازی کے شعبے میں ہونے والی نمایاں پیش رفت قابل تعریف ہے۔

تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان سیاحت، عوامی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
پیرا Previous post وزیراعلیٰ مریم نواز کی پیرا کو عوام دوست طرزِ عمل اپنانے کی ہدایت
انجینئرنگ Next post صدر سردار بردی محمدوف کی ڈائیوو انجینئرنگ کے چیئرمین سے ملاقات