
فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا–ایران مذاکرات بچانے کیلئے متحرک
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات کو تعطل سے بچانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں اور رابطہ کاری کی اہم کوششیں کر رہے ہیں۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سفارتی ثالثی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عمل میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک غیر روایتی مگر مرکزی کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان اعتماد کی کمی، اقتصادی پابندیوں اور فوجی تناؤ کے باعث مذاکرات ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جس سے امن عمل کو خطرات لاحق ہیں۔
ایسے میں پاکستان دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو فروغ دینے اور مذاکراتی عمل کو برقرار رکھنے کیلئے فعال سفارتی کوششیں کر رہا ہے، تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی یہ کاوشیں نہ صرف علاقائی امن کیلئے اہم ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے سفارتی کردار کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔