
بلوچستان میں انٹیلی جنس آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک، دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے کامیاب آپریشنز کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں جاری انسداد دہشت گردی مہم "ردالفتنہ-3” کے تحت کی گئیں، جس کا مقصد بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر چھ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مہارت سے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تمام چھ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
بیان کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں مزید چھ دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ایک محفوظ ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ عزمِ استحکام اقدام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔