
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی اشتعال انگیزی، ایک شہری شہید، ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی؛ پاک فوج کا بھرپور جوابی کارروائی میں متعدد افغان چیک پوسٹیں تباہ
جنوبی وزیرستان، یورپ ٹوڈے: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی جانب سے اشتعال انگیز کارروائی کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوگئے، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو خاموش کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان رجیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے دوران ایک گولا شہری آبادی میں واقع ایک گھر پر آ گرا، جس کے نتیجے میں ایک شہری موقع پر شہید جبکہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے پر مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے افغان جارحیت کا فوری اور انتہائی مستعدی کے ساتھ بھرپور جواب دیا۔ پاکستانی افواج کی جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر تعینات پاک فوج کے جوان دشمن کی کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر چوکس اور فعال ہیں، جبکہ معصوم شہریوں پر حملے کے بعد دشمن کے خلاف پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔