
پاکستانی فری لانسرز کی برآمدی آمدن 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: مالی سال 2026 کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستانی فری لانسرز کی برآمدی آمدن 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے قیام کے بعد آئی ٹی برآمدات اور فری لانسنگ کے فروغ کے لیے پالیسی اور مالیاتی اصلاحات پر خصوصی توجہ دی گئی، جس کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران آئی ٹی اور فری لانسنگ سیکٹر کے لیے کاروبار دوست ماحول اور ریگولیٹری سہولتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ایکسپورٹرز کے لیے اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس میں رقوم برقرار رکھنے کی حد 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دی گئی ہے، جس سے آئی ٹی ایکسپورٹرز کو اپنی فارن کرنسی آمدن کے استعمال میں مزید خودمختاری حاصل ہوئی ہے۔
اسی طرح فارن کرنسی اکاؤنٹس پر ریگولیٹری پابندیوں میں نرمی اور خصوصی ڈیبٹ کارڈز کے اجرا کے ذریعے عالمی ادائیگیوں کے نظام کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔
مزید برآں فری لانسرز کے لیے نیا بینکاری فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت بینکاری سہولتوں اور اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو بھی نمایاں طور پر آسان بنا دیا گیا ہے۔