
سپارکو کے انسانی خلائی پروگرام میں اہم پیشرفت، دو پاکستانی خلاباز چین کے مشن کیلئے منتخب
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے انسانی خلائی مشن پروگرام میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دو پاکستانی خلاباز امیدواروں کو چین کے خلائی پروگرام کیلئے منتخب کر لیا گیا ہے۔
منتخب ہونے والے خلاباز امیدوار خرم داؤد اور محمد ذیشان علی تجربات کے سلسلے میں خلا کا سفر کریں گے۔ دونوں امیدوار جدید تربیت حاصل کرنے کیلئے چین روانہ ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس اہم پیشرفت کو سراہتے ہوئے سپارکو کی خلائی تحقیق کے فروغ کی کوششوں کی تعریف کی اور پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ پیشرفت پاکستان کے خلائی سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، جس کے ساتھ پاکستان ان محدود ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو انسانی خلائی پروازوں کے پروگرام میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان پہلی مرتبہ چائنہ اسپیس اسٹیشن کے مشن میں شرکت کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ مشن 2026 کے اختتام تک متوقع ہے، جس میں ایک پاکستانی خلاباز شین زو مشن کے دوران بطور پے لوڈ ایکسپرٹ ذمہ داریاں انجام دے گا۔
مشن کے دوران پاکستانی خلاباز مائیکرو گریویٹی میں مختلف سائنسی تجربات انجام دے گا، جن میں مٹیریل سائنس، فلوئڈ فزکس، لائف و بائیو سائنس اور بائیو ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق ان تجربات کے نتائج ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، غذائی تحفظ کو بہتر بنانے اور صنعتی جدت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جو پاکستان کی سائنسی و تکنیکی ترقی کیلئے نہایت اہم ثابت ہوں گے۔