
پاک فضائیہ ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاک فضائیہ ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک میں انٹری نمبرز2312، 2412 اور 2506 کے زیرِ تربیت ٹرینیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، پاک فضائیہ تھے۔ مہمانِ خصوصی کی آمد پر اُنکا استقبال ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضل، ایئر آفیسر کمانڈنگ، پاک فضائیہ ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک نے کیا۔ تقریب میں پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور دوست ممالک کے مجموعی طور پر 1045 زیرِ تربیت ٹرینیز نے کامیابی سے اپنی تربیت مکمل کی۔
پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ پاک فضائیہ ایک نہایت پیشہ ور اور جنگی صلاحیتوں سے بھرپور ادارہ ہے جس نے اپنی جرات، بہادری اور شاندار کارکردگی کے باعث عالمی سطح پر ایک مؤثر فضائی قوت کے طور پر شناخت حاصل کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کے نظریے کے مطابق پاک فضائیہ ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک میں ائیر مین کی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ ملٹی ڈومین آپریشنز کے مسلسل ارتقاء کے پیشِ نظر مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر درپیش سکیورٹی چیلنجز کے باعث قوم کی توقعات پاک فضائیہ سے مزید بڑھ گئی ہیں اور میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ ہمیشہ اسی عزم و استقلال کے ساتھ دفاعِ وطن کے لیے تیار رہے گی جیسا کہ اس نے معرکۂ حق، بنیان المرصوص کے دوران عملی طور پر ثابت کیا۔مہمانِ خصوصی نے کہا کہ دنیا نے پہلی مرتبہ پاک فضائیہ کی جانب سے مکمل اسپیکٹرم ملٹی ڈومین آپریشنز کا کامیاب استعمال دیکھا، جس میں خلائی، سائبر اور الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں، بغیر پائلٹ فضائی نظاموں اور جدید ڈرونز کو عددی برتری رکھنے والے دشمن کے خلاف مؤثر انداز میں بروئے کار لایا گیا۔
اُنہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجیز نے مستقبل کی جنگوں کی نوعیت کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قومی قیادت کے غیر متزلزل عزم کی بدولت پاک فضائیہ نیشنل ایرو اسپیس اینڈ ٹیکنالوجی پارکس کے تحت مقامی سطح پر دفاعی و فضائی ٹیکنالوجی کے فروغ اور خود انحصاری کے سفر پر گامزن ہے۔
تقریب کے دوران مجموعی بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ائیرکرافٹ مین محمد انس ارشد کو دی گئی۔ اصغر خان ٹرافی برائے بہترین کارکردگی شعبہ ایرو ناٹکس میں ائیرکرافٹ مین محمد ابوبکر کے حصے میں آئی، جبکہ نور خان ٹرافی برائے بہترین کارکردگی شعبہ ایرو اویونکس ٹیکنالوجی ائیرکرافٹ مین محمود حسن نے حاصل کی۔ جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر ایئر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی اکیڈمی سارجنٹ ائیرکرافٹ مین محمد ارسلان کو دی گئی، جبکہ غیر ملکی تربیت یافتہ ٹرینیز میں بہترین کارکردگی کا اعزاز اردن سے تعلق رکھنے والے لانس کارپورل عزالدین خالد الدیک نے حاصل کیا۔
مہمانِ خصوصی نے فارغ التحصیل ٹرینیز اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے تربیتی عملے کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کے مقصد سے وابستگی کو بھی سراہا۔