
وزیراعظم شہباز شریف کی ڈسکوز کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت، شفافیت یقینی بنانے پر زور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز متعلقہ حکام کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں (SOEs) کی نجکاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکام کو ہدایت دی کہ نجکاری کے پورے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ڈسکوز کی نجی شعبے کو منتقلی کے فوراً بعد ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک قائم کیا جائے۔
اجلاس کو ڈسکوز کی نجکاری سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کی جائے گی، جس کے لیے اظہارِ دلچسپی (EOI) کے اشتہارات قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے مذکورہ تینوں تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے مجوزہ ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری بھی دے دی ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے سعودی عرب، ترکیہ اور چین میں رواں ماہ سے بین الاقوامی روڈ شوز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔