
صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی ملاقات، قومی سلامتی، معیشت اور خطے کی صورتحال پر غور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیر کے روز ایوانِ صدر میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی، داخلی و علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون عظم نذیر تارڑ، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ شریک تھے۔
ملاقات میں معیشت، آئندہ مالی سال کے بجٹ، گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات، آزاد کشمیر کی صورتحال، امن و امان اور قومی اہمیت کے دیگر امور پر غور کیا گیا۔
صدر مملکت نے بجٹ تجاویز اور عوامی ریلیف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں ترقی کی رفتار اور عوامی فلاحی منصوبوں میں ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ایران اور علاقائی سفارتی روابط پر بریفنگ بھی دی۔
اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر احد چیمہ بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل راٹھور اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔