
صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار کا بنگلہ دیش میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی پر اظہارِ یکجہتی
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کئی روز سے جاری موسلا دھار مون سون بارشوں کے باعث بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی علاقوں میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 44 افراد جاں بحق جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور محصور ہو گئے ہیں۔ اسی دوران کاکس بازار میں روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 16 روہنگیا پناہ گزین بھی جان کی بازی ہار گئے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں قدرتی آفت میں جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (X) پر اپنے پیغام میں کہا کہ بنگلہ دیش میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور وسیع پیمانے پر تباہی پر انہیں گہرا دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور تمام متاثرین کی سلامتی کے لیے بھی دعا کی۔
دریں اثنا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بنگلہ دیش میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دعائیں اور نیک تمنائیں بے گھر ہونے والے اور متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔ اسحاق ڈار نے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اہلکاروں، مسلح افواج، طبی ٹیموں اور امدادی کارکنوں کی جرات، عزم اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔