
وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان
پشاور، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے وسائل کا ایک ایک پیسہ ترقی اور خوشحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ساتھ مل کر صوبے کے عوام کے مسائل حل کرے گی اور امن و ترقی کا دور واپس لا کر خوشحالی کے خوابوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں وفاقی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو جلتا چھوڑ کر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مجبوری کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنا پڑا، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے آخری اور فیصلہ کن کوشش کی جائے۔ اس مقصد میں ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں۔
اجلاس میں دہشت گردی کی ہر شکل کے مکمل خاتمے اور دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور معاون ڈھانچوں کو ختم کرنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطے، خفیہ معلومات کے مؤثر تبادلے اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر خیبر پختونخوا، وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، حکومتی نظام میں بہتری اور سماجی و معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنا قومی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوام کے جائز مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کے باہمی تعاون سے صوبے میں امن و استحکام اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
دریں اثنا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل کے ارکان سے بھی الگ ملاقات کی، جس میں خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور معاشی خوشحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔