
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعلان
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے منگل کے روز کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ملک میں امن و امان کی صورتحال اور وزارتِ داخلہ سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کے ماتحت تمام اداروں، بشمول فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، میں بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں۔
وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء سید محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت طلال چوہدری اور مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو جدید تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہترین آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں زیرِ تعمیر جیل رواں برس ستمبر میں فعال ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے اجلاس کو ایف آئی اے، اسلام آباد پولیس، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، فیڈرل کانسٹیبلری، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور وزارتِ داخلہ کے ماتحت دیگر اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔