
وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دینے کی خصوصی اسکیم کا اعلان
اسلام آباد، دی گلف آبزرور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے رعایت دینے کی خصوصی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تیل کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس سلسلے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم شروع کی جا رہی ہے، جس کے تحت انہیں پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم کے مطابق 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول تک فی لیٹر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ اسلام آباد کی حدود میں اس ریلیف کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں ریلیف کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ عوام کو ریلیف حاصل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق مطلوبہ معلومات کی فراہمی میں تعاون کرنے پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔