
وزیراعظم شہباز شریف کی ایز آف ڈوئنگ بزنس ایکٹ 2025 پر تیز رفتار عملدرآمد کی ہدایت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حکومت کی کاروباری سہولتوں سے متعلق پالیسی اقدامات اور ایز آف ڈوئنگ بزنس ایکٹ 2025 پر عملدرآمد کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔
جمعہ کو ایز آف ڈوئنگ بزنس سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کاروباری سہولتوں کے اقدامات کے مؤثر نفاذ اور نتائج کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس سے متعلق پالیسی اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت پر مشتمل جامع رپورٹ جلد از جلد تیار کرکے پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے قانون سازی اور پالیسی سازی میں کردار ادا کرنے پر وزارت قانون و انصاف، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC)، بورڈ آف انویسٹمنٹ، وزارت تجارت، وزارت صنعت و پیداوار اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس کو اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ کاروباری شعبے کے لیے ضابطہ جاتی تقاضوں، کاغذی کارروائی اور منظوری کے مراحل میں کمی لانے کے لیے مجموعی طور پر 558 اصلاحات پر کام مکمل کیا جا چکا ہے، جن میں سے 71 پالیسی اقدامات پر عملدرآمد ہو چکا ہے جبکہ 272 اقدامات پر تیزی سے عمل جاری ہے۔ یہ اصلاحات مختلف شعبوں میں سات مراحل کے تحت نافذ کی جا رہی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں ضابطہ جاتی تقاضوں پر آنے والی لاگت میں کمی کے باعث کاروباری برادری کو تقریباً 468.7 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔
شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ غیر ضروری اور پیچیدہ کاغذی کارروائی اور قواعد و ضوابط کے خاتمے سے برآمدات میں اضافہ، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس اقدامات پر عملدرآمد اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع کو متعلقہ اداروں کے افسران کی کارکردگی جانچنے کے اہم اشاریوں (Key Performance Indicators) میں شامل کیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، قیصر احمد شیخ، جام کمال خان، احد خان چیمہ، سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز جبکہ کاروباری سہولتوں کے شعبے سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔