
وزیراعظم شہباز شریف کی اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں اصلاحات فوری نافذ کرنے کی ہدایت، مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کا حکم
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، نصاب، اساتذہ کی تربیت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو اسکولوں کے مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو اسکولوں میں اصلاحات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری اور انتظامی امور کو مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے طلبہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے اور ان کی بہتر نشوونما یقینی بنانے کے لیے سرکاری اسکولوں میں مفت کھانا فراہم کرنے کا نظام فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کلاس رومز میں اسمارٹ بورڈز جلد از جلد نصب کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی بنیادی توجہ تدریس اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر ہونی چاہیے، جبکہ اساتذہ کی بھرتیاں صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی آمدورفت کے لیے 278 بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے اس سہولت کا دائرہ وسیع کرنے اور بسوں کے انتظام و انصرام کو آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے سرکاری اسکولوں میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے سہولیات کی جانچ اور شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے خصوصی ضروریات کے حامل اور وہیل چیئر استعمال کرنے والے طلبہ کی سہولت کے لیے تمام سرکاری اسکولوں میں ریمپس تعمیر کرنے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق، اجلاس میں ستمبر 2026 میں وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے نصاب، بنیادی ڈھانچے اور دیگر امور سے متعلق سروے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس کو سروے میں نشاندہی کیے گئے بعض اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے بیشتر سرکاری اسکولوں میں انٹرنیٹ، پینے کے صاف پانی، کمپیوٹر لیبز اور دیگر بنیادی سہولیات موجود ہیں، تاہم اسکولوں کے سربراہان کو مزید بااختیار بنانے اور تعلیمی نظام میں جدت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔