
کوٹلی ستیاں میں سیاحتی و ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، نواز شریف و مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے
لاہور، یورپ ٹوڈے: نواز شریف اور مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں سیاحت، انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کے فروغ سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں کوٹلی ستیاں میں اسکائی گلاس برج پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
شرکاء کو ہدایت دی گئی کہ چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل اور جھیکا گلی میں متاثرین کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں شوالا، سوزو اور برروری میں ہاسپٹیلٹی زونز قائم کرنے، نجی شعبے کے تعاون سے فائیو اسٹار معیار کے ہوٹلز تعمیر کرنے اور تجاوزات کے باعث گرائی گئی عمارتوں کا ملبہ فوری ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں ریچ بل روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں کی چوڑائی میں 10 فٹ اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ تین نئے پارکس کے قیام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انگوری روڈ پارک، ایم آئی ٹی پارک اور اریاڑی پارک سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، ایکو زون اور جدید کانفرنس روم قائم کیے جائیں گے، جبکہ دھار جاوا اور ڈونگا گلی میں واٹر سپلائی اسکیم مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں چیوڑا ہل پر جدید گلیمپنگ پوڈ ولیج کے قیام، اس کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کرنے اور چیوڑا میں پیرا گلائیڈنگ کلب پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
مزید برآں کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ، پنجاب ہاؤس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دریائے جہلم سے واٹر سپلائی اسکیم کی فزیبیلٹی رپورٹ 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ پنجاب میں پہلے فیسلیٹی مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی۔