
ٹرمپ کا ایران کے ساتھ معاہدے کا اعلان، آبنائے ہرمز کی بحالی اور امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے کی منظوری
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل طور پر طے پا گیا ہے، جس کے بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور امریکی بحری ناکہ بندی فوری طور پر ختم کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا، ’’اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ معاہدہ اب مکمل ہو چکا ہے۔ اس اہم پیش رفت پر سب کو مبارک ہو۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کو بغیر کسی محصول کے کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار کی نقل و حمل ہوتی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق، ’’میں آبنائے ہرمز کو بغیر ٹول ٹیکس کے مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دیتا ہوں اور اسی کے ساتھ امریکی بحری ناکہ بندی کو فوری طور پر ختم کرنے کی بھی منظوری دیتا ہوں۔‘‘
یہ اعلان واشنگٹن اور تہران کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے خطے کے امن و استحکام، بین الاقوامی تجارت اور عالمی توانائی منڈیوں پر دور رس اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔
تاہم معاہدے کی شرائط، اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات تاحال باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئیں۔