
اسلام آباد مذاکرات: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کی تعریف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ وہ وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھرپور کریڈٹ دینا چاہتے ہیں، جنہوں نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ سفارتی عمل کے دوران بہترین میزبانی اور قیادت کا مظاہرہ کیا۔
ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ دونوں پاکستانی رہنماؤں نے نہایت اعلیٰ میزبانی کی اور امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں حقیقی قیادت اور مدبرانہ صلاحیت کا ثبوت دیا۔ ان کے مطابق یہ ایک اہم پیش رفت تھی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے سنجیدہ مذاکرات نہیں ہو رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایسے دو ممالک کے درمیان مکالمے کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا جو عرصہ دراز سے براہِ راست بات چیت سے گریزاں تھے، اور اس عمل میں غیر معمولی سفارتی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جہاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے تک طویل مذاکرات جاری رہے، تاہم یہ بات چیت کسی حتمی معاہدے کے بغیر اختتام پذیر ہوئی۔
امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، امریکا نے اپنی تجاویز ایران کے سامنے پیش کر دی ہیں اور اب فیصلہ ایران کے ہاتھ میں ہے۔