
پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن تقریب کا انعقاد
رسالپور، یورپ ٹوڈے: پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، رسالپور میں 152ویں جی ڈی (پی)، 98ویں انجینئرنگ، 109ویں ایئر ڈیفنس (الفا و براوو) ، 28ویں ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز (الفا و براوو) ، 11ویں لاجسٹکس (الفا) اور 135ویں کامبیٹ سپورٹ کورسز کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اکیڈمی آمد پر ان کا استقبال ایئر وائس مارشل شہریار خان، ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے کیا، جبکہ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوبھی اس موقع پر موجود تھے۔
فارغ التحصیل کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے انہیں ٹریننگ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور اکیڈمی کو باکردار، منظم اور پیشہ ور افسران تیار کرنے پر سراہا۔ اُنہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ نوجوان افسران پاک فضائیہ کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے “سیکنڈ ٹو نن” کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔
اُنہوں نے مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کامیابی کو سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت میں جدت طرازی ، بصیرت افروز حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر انضمام کا نتیجہ قرار دیا۔ اُنہوں نے ملٹی ڈومین آپریشنز، خصوصاً الیکٹرانک وارفیئر، سائبر اور اسپیس ڈومینز میں پی اے ایف کی بڑھتی ہوئی مہارت کو اُجاگر کیا اور فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے بروقت ردعمل کے ذریعے خود کو تیار رکھیں۔
مشترکہ آپریشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ، دیگر مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا رہی ہے، اور جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت کے ذریعے قومی بحری مفادات کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ اُنہوں نے پاکستان کو درپیش پیچیدہ اور بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج، قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، ملک کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔
اس موقع پر مجموعی طور پر 113 ایوی ایشن کیڈٹس نے گریجویشن مکمل کی۔ سربراہ پاک بحریہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر نادِ علی کو جنرل سروس ٹریننگ میں مجموعی بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ڈیفنس فورسز ٹرافی سے نوازا گیا۔ ایوی ایشن کیڈٹ نویرا شہزاد اور ایوی ایشن کیڈٹ محمد عبداللہ اعجاز کو بالترتیب انجینئرنگ اور ایئر ڈیفنس کورسز میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافیز دی گئیں۔ ایوی ایشن کیڈٹ فرحان جاوید نے کامبیٹ سپورٹ کورس میں بہترین کارکردگی پر ٹرافی حاصل کی۔ جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر باسط عالیان صدیقی اور ایوی ایشن کیڈٹ سلمان سعید کو بالترتیب کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ اور کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام، معزز مہمانانِ گرامی اور فارغ التحصیل کیڈٹس کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ تقریب کا اختتام پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں، بشمول جےایف17تھنڈر اور ایف 16کے شاندار فلائی پاسٹ سے ہوا، جس کے بعد شیر دل فارمیشن ٹیم نے اپنی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل برتری کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔