
پانی کو سیاسی دباؤ یا بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف
بشکیک، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پانی کو خطے کے لیے زندگی کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے کبھی بطور ہتھیار یا سیاسی دباؤ کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ آبی وسائل سے متعلق معاہدے پابند عہد ہیں جن پر ان کی روح اور متن کے مطابق بلاشرط عمل درآمد ہونا چاہیے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) پلس فارمیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پانی ہمارے خطے کے لیے زندگی کی شہ رگ ہے جو لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو برقرار رکھنے، زمینوں کو سیراب کرنے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ دریاؤں اور آبی وسائل سے متعلق معاہدوں کی پاسداری خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے ایس سی او پلس اجلاس سے خطاب کیا جس کا موضوع ’’منصفانہ عالمی نظام میں اقوام متحدہ کا کلیدی کردار: کثیر قطبی دنیا کی تشکیل میں ایس سی او پلس ممالک کا کردار‘‘ تھا۔ یہ اجلاس بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے تناظر میں 1960 کے سندھ طاس معاہدے سے متعلق ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کے ایک روز بعد منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان گزشتہ دو برسوں کے دوران عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرغزستان کے صدر صدر صادیر ژاپاروف نے کی۔ کرغزستان 2025 سے 2026 تک شنگھائی تعاون تنظیم کی گردشی صدارت سنبھالے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ امن کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی صورت میں سامنے آئیں، جو خلیجی خطے میں جاری تنازع کے خاتمے کے لیے ایک قابلِ عمل اور پائیدار راستہ فراہم کرتی ہے اور تمام فریقوں کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن کے حصول کے لیے وسیع پیمانے پر قابل قبول بنیاد فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی دستخط کنندہ ہے، جس نے اتحاد اور مشترکہ عزم کا پیغام دے کر خطے میں امن کے امکانات کو مزید مضبوط کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 80 برس قبل قیام کے بعد اقوام متحدہ نے غربت، بھوک، بیماری، ماحولیاتی مسائل اور عصرِ حاضر کے دیگر چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اجتماعی حکمتِ عملی اپنائی، جبکہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر سے اپنی مکمل وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی کثیر قطبی دنیا ایک زیادہ منصفانہ، جمہوری اور مساوی بین الاقوامی نظام کی تشکیل کا موقع فراہم کرتی ہے۔
تاہم، وزیراعظم نے کہا کہ آج اقوام متحدہ کو فوری اصلاحات کی ضرورت ہے اور اسے زیادہ جوابدہ، شفاف اور مؤثر ادارہ بننا چاہیے۔
غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ معصوم فلسطینی عوام کی تکالیف کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے اور ان کے حق خودارادیت کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ یہی حقوق دنیا کی دیگر مظلوم اقوام کو بھی حاصل ہونے چاہئیں۔
دہشت گردی کو مشترکہ خطرہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریجنل اینٹی ٹیررازم اسٹرکچر (آر اے ٹی ایس) کے تحت دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور مذہبی انتہا پسندی سمیت تین برائیوں سے نمٹنے کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ اور اسے شکست دیتا رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان اٹھایا جبکہ ملکی معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا، تاہم پاکستانی قوم نے نہ صرف اپنے بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں دہشت گردی کے خلاف ثابت قدمی سے جدوجہد کی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر، بشمول ریاستی دہشت گردی، کی مذمت کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری کا وژن اسی وقت حقیقت بن سکتا ہے جب افغانستان میں امن و استحکام قائم ہو۔ انہوں نے افغان سرزمین سے پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک کے خلاف دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں کا سلسلہ ختم کرنے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جب شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا تو اس کی رہنمائی اس یقین سے ہوگی کہ ایس سی او کو اپنے عوام کے لیے ٹھوس اور قابلِ ذکر فوائد یقینی بنانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت، توانائی، ترقی اور غربت میں کمی، آفات سے نمٹنے، صحت، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں کو ترجیح دے گا۔
وزیراعظم نے ایس سی او کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایس سی او کے رکن ممالک اور ایس سی او پلس خاندان سے تعاون کی اپیل کی۔
وزیراعظم نے اجلاس میں شریک رہنماؤں کو 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایس سی او پلس فارمیٹ کے آئندہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ پاکستان 2026 سے 2027 تک شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔