
وزیرِاعظم شہباز شریف کا ’یومِ تشکر‘ منانے کا اعلان
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے شایانِ شان جواب اور آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی پر ملک بھر میں ’’یومِ تشکر‘‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِاعظم کے دفتر کے میڈیا وِنگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دن اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، افواجِ پاکستان کے غیرمعمولی حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے اتحاد کو سراہنے کے طور پر منایا جائے گا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا گیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے دفاعی محاذ پر استقامت کا مظاہرہ کیا اور حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری دکھائی۔
انہوں نے پوری قوم اور علما کرام سے اپیل کی کہ ملک بھر میں اجتماعی دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جا سکے۔ وزیرِاعظم نے شہداء اور غازیوں کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی اور کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔